امریکا میں چھوٹا طیارہ ہائی وے پر گر کرتباہ،کئی مسافر بچا لیےگئے
ٹیکساس میں طیارہ حادثہ، شہریوں کی فوری امدادی کارروائی نے جانیں بچائیں
فائل فوٹو
امریکی ریاست ٹیکساس کے شہر لاریڈو میں ایک چھوٹا جیٹ طیارہ ہائی وے پر گر کر تباہ ہوگیا، جس کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک ہوگیا، تاہم شہریوں کے بروقت ردعمل نے کئی مسافروں کو بچالیا۔
غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق طیارے میں 6 افراد سوار تھے۔ حادثے کے بعد ہائی وے پر سفر کرنے والے افراد اپنی گاڑیاں چھوڑ کر زخمیوں کو بچانے کے لیے دوڑ پڑے اور کاک پٹ کی کھڑکی توڑ کر اندر پھنسے افراد کو نکالنے کی کوشش کی۔
خبررساں ایجنسی کے مطابق یہ واضح نہیں ہو سکا کہ ہلاک ہونے والا شخص طیارے میں سوار تھا یا زمین پر موجود تھا، جبکہ پولیس نے طیارے میں سوار افراد کی شناخت اور ان کی حالت کے بارے میں تفصیلات فراہم نہیں کیں۔
امریکی میڈیا کے مطابق دھوئیں سے متاثر ہونے پر 5 پولیس اہلکاروں کو اسپتال منتقل کیا گیا۔
فلائٹ ٹریکنگ کمپنی کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والا طیارہ سیسنا سائیٹیشن لیٹیٹیوڈ تھا، جو میکسیکو کے لاس کابوس انٹرنیشنل ائیرپورٹ سے روانہ ہوا تھا۔
حادثے کی وجہ فوری طور پر معلوم نہیں ہو سکی، تاہم لاریڈو انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے ڈائریکٹر گلبرٹو سانچیز کے مطابق طیارے کو ممکنہ طور پر فنی خرابی کا سامنا ہوا، تاہم انہوں نے اس حوالے سے مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں۔