پہلی بار دو ممالک کے درمیان الیکٹرانک دستخط سے معاہدہ،ایران نے دستاویز شیئر کر دی

ایران اور امریکا کے درمیان جنگ بندی معاہدے کی باضابطہ تقریب جمعہ کے روز سوئزرلینڈ میں متوقع ہے۔

June 18, 2026 · اہم خبریں

ایران اور امریکا کے درمیان طے پانے والے جنگ بندی معاہدے کے حوالے سے ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے معاہدے کی دستخط شدہ کاپی میڈیا کے ساتھ شیئر کر دی ہے، جس میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دستخط بھی شامل ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ عالمی سفارتی تاریخ کا ایک منفرد واقعہ قرار دیا جا رہا ہے کیونکہ پہلی بار دو ممالک کے درمیان اس نوعیت کے معاہدے پر الیکٹرانک دستخط کیے گئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں :۔ فرانسیسی صدر کی موجودگی میں ٹرمپ نے ایم او یو پر دستخط کردیئے

ذرائع کے مطابق ایران اور امریکا کے درمیان جنگ بندی معاہدے کی باضابطہ تقریب جمعہ کے روز سوئزرلینڈ میں متوقع ہے۔ اس موقع پر دونوں ممالک کے اعلیٰ سطحی وفود شریک ہوں گے جبکہ پاکستان، سعودی عرب، قطر، ترکیہ اور مصر کے رہنما بھی تقریب میں شرکت کریں گے۔ ان ممالک نے مذاکراتی عمل میں مختلف سطحوں پر اہم کردار ادا کیا ہے۔

رپورٹس کے مطابق دونوں صدور کی جانب سے معاہدے پر دستخط مکمل ہونے کے بعد سوئزرلینڈ میں ہونے والی آئندہ ملاقات اور مذاکراتی شیڈول کے حوالے سے فیصلہ جلد متوقع ہے۔

دریں اثنا ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے تصدیق کی ہے کہ ایران اور امریکا کے درمیان مفاہمتی یادداشت کا حتمی متن طے پا چکا ہے اور دونوں فریقین نے الیکٹرانک دستخط کے ذریعے اس کی توثیق کر دی ہے۔