اسلام آباد،حافظ حمداللہ کی گاڑی سے حادثہ،خاتون اور دو بچے زخمی
تصادم کے بعد موٹر سائیکل پر سوار خاتون اور دو بچے زخمی ہوئے جنہیں فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا
اسلام آباد کے سیکٹر جی ایٹ میں جمعیت علمائے اسلام کے سینیٹر حافظ حمداللہ کی گاڑی اور موٹر سائیکل کے درمیان تصادم کے نتیجے میں خاتون اور دو بچے زخمی ہو گئے۔
پولیس اور عینی شاہدین کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب گاڑی سینیٹر کے بیٹے کے زیرِ استعمال تھی۔ تصادم کے بعد موٹر سائیکل پر سوار خاتون اور دو بچے زخمی ہوئے جنہیں فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
ابتدائی معلومات کے مطابق موٹر سائیکل مبینہ طور پر غلط سمت سے آ رہا تھا، تاہم پولیس نے واقعے کی مکمل تحقیقات شروع کر دی ہیں تاکہ اصل صورتحال واضح ہو سکے۔
علاقے میں حادثے کے بعد ٹریفک کی روانی بھی کچھ دیر متاثر رہی۔