کم بجٹ،بڑی کامیابی:پاکستان کی دفاعی حکمتِ عملی کی مثال قائم

سال 2025 میں بھارت دنیا کے بڑے دفاعی اخراجات کرنے والے ممالک میں شامل رہا، جبکہ اس کے فوجی بجٹ میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

June 18, 2026 · قومی

محدود دفاعی وسائل کے باوجود پاکستان نے معرکۂ حق میں اعلیٰ عسکری حکمتِ عملی، پیشہ ورانہ مہارت اور مؤثر منصوبہ بندی کے ذریعے اپنی دفاعی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کیا ہے، جسے دفاعی ماہرین نمایاں کامیابی قرار دے رہے ہیں۔

بین الاقوامی دفاعی امور کے تحقیقی ادارے سٹاک ہوم انٹرنیشنل پیس ریسرچ انسٹیٹیوٹ کی رپورٹ کے مطابق سال 2025 میں بھارت دنیا کے بڑے دفاعی اخراجات کرنے والے ممالک میں شامل رہا، جبکہ اس کے فوجی بجٹ میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

رپورٹ کے مطابق بھارت کے دفاعی اخراجات میں مسلسل اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جبکہ پاکستان کے دفاعی اخراجات نسبتاً کم سطح پر رہنے کے باوجود سکیورٹی اور انسدادِ دہشت گردی کی ضروریات پوری کرنے کے لیے استعمال کیے جا رہے ہیں۔

دفاعی ماہرین کے مطابق پاکستان کے بجٹ کا بڑا حصہ تنخواہوں، آپریشنل اخراجات اور دیکھ بھال پر خرچ ہوتا ہے، جس کے باعث یہ بجٹ مجموعی طور پر معیشت پر بوجھ ڈالنے کے بجائے نظام کے تسلسل میں کردار ادا کرتا ہے۔

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ جدید جنگی حکمت عملی میں صرف مالی وسائل نہیں بلکہ تربیت، منصوبہ بندی اور قیادت بھی فیصلہ کن حیثیت رکھتی ہے، اور اسی بنیاد پر کسی بھی فوجی کارکردگی کا درست اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔

ماہرین نے یہ بھی کہا ہے کہ دفاعی ضروریات اور بدلتے ہوئے علاقائی حالات کے پیش نظر دفاعی اخراجات میں تبدیلی ایک معمول کی بات ہے، تاہم اس کا موازنہ صرف اعداد و شمار کی بنیاد پر نہیں کیا جا سکتا۔