سوشل میڈیا پر نفرت انگیز مواد بڑا چیلنج ہے،خاتمہ ضروری ہے،مریم نواز
نفرت انگیز بیانیے انسانی حقوق کے لیے سنگین خطرہ ہیں، جو نہ صرف تشدد بلکہ سماجی تقسیم کا باعث بھی بنتے ہیں
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ سوشل میڈیا پر نفرت انگیز مواد کی تیز رفتار ترسیل کو روکنا آج کے دور کا سب سے بڑا چیلنج بن چکا ہے۔
نفرت انگیز تقاریر کے انسداد کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ سوشل میڈیا اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر پھیلنے والی غلط معلومات، تعصب اور انتہاپسندی کے رجحانات کے خلاف مؤثر کردار ادا کریں۔
مریم نواز نے کہا کہ معاشرے سے نفرت، تعصب اور تنگ نظری کے خاتمے کے لیے اجتماعی کوششیں ناگزیر ہیں اور محرم الحرام کے دوران امن، محبت اور بھائی چارے کے پیغام کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ نفرت انگیز بیانیے انسانی حقوق کے لیے سنگین خطرہ ہیں، جو نہ صرف تشدد بلکہ سماجی تقسیم کا باعث بھی بنتے ہیں، اس لیے ان کا مؤثر تدارک ضروری ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کے مطابق مذہبی، نسلی اور صنفی بنیادوں پر نفرت کو ہر سطح پر روکنا عالمی ہم آہنگی کے لیے بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ آزادی اظہار کے نام پر نفرت پھیلانے والوں کا احتساب ناگزیر ہے، اور معاشرے میں برداشت، امن اور باہمی احترام کو فروغ دینا وقت کی ضرورت ہے۔