حافظ نعیم الرحمان کا پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی کا مطالبہ
عوام کو فوری ریلیف دینے کے لیے حکومت پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں 28 فروری کی سطح پر واپس لائے
امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں کم ہونے کے بعد پاکستان میں پیٹرول کی قیمت 225 روپے فی لیٹر مقرر کی جانی چاہیے۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ عوام کو فوری ریلیف دینے کے لیے حکومت پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں 28 فروری کی سطح پر واپس لائے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ اس مطالبے کے حق میں ملک بھر میں احتجاجی مہم چلائی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ بجلی اور گیس کے نرخوں میں کمی کے حکومتی وعدے بھی پورے کیے جائیں۔ ان کے مطابق توانائی کے شعبے میں اصلاحات اور بعض معاہدوں کے خاتمے کے بعد عوام کو اس کا براہ راست فائدہ ملنا چاہیے۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ عوام پر اضافی مالی بوجھ ڈالنے کے بجائے حکومتی اخراجات میں کمی کی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ توانائی کے شعبے میں شفافیت اور مؤثر پالیسیوں کے ذریعے معیشت کو بہتر بنایا جا سکتا ہے۔
حافظ نعیم الرحمان نے خطے کی صورتحال پر بھی اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ مشرقِ وسطیٰ میں پائیدار امن کے لیے وسیع سفارتی تعاون ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی فلسطین کے مسئلے پر اپنے مؤقف پر قائم ہے اور خطے میں امن و استحکام کی حمایت کرتی ہے۔