آزادجموں وکشمیر انتخابات، انتخابی شیڈول تبدیل ،کاغذاتِ نامزدگی جمع کرانے کی آخری تاریخ 23 جون مقرر

کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 24 جون کو صبح 8 بجے سے ہوگی،درست امیدواران کی فہرست 24 جون کو ہی جاری کی جائے گی ۔

June 18, 2026 · اہم خبریں, قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

مظفرآباد :آزادجموں وکشمیر الیکشن کمیشن نے قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کیلیے انتخابی شیڈول میں ترمیم کر دی

آزاد جموں و کشمیر الیکشن کمیشن نے عوامی سہولت اور متوقع امیدواروں کی تجاویز و درخواستوں کو مدنظر رکھتے ہوئے قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے شیڈول میں ترمیم کر دی ہے۔ الیکشن کمیشن کے ترجمان کے مطابق امیدواروں کی جانب سے نامزدگی فارم جمع کرانے کی تاریخ میں توسیع کی درخواست کی گئی تھی، جس پر مثبت فیصلہ کرتے ہوئے شیڈول کو بدلا گیا ہے۔

ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی آخری تاریخ 23 جون 2026 شام 5 بجے مقرر کی گئی ہے، کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 24 جون کو صبح 8 بجے سے ہوگی،درست امیدواران کی فہرست 24 جون کو ہی جاری کی جائے گی۔

الیکشن کمیشن کے مطابق ریٹرننگ آفیسر کے فیصلوں کے خلاف اپیلیں 25 تا 28 جون دائر کی جا سکیں گی،الیکشن کمیشن اپیلوں کی سماعت 29 اور 30 جون کو کرے گا،اپیلوں پر فیصلے یکم اور 2 جولائی کو سنائے جائیں گے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق کاغذات نامزدگی واپس لینے کی آخری تاریخ 3 جولائی دوپہر 2 بجے مقرر کی گئی ہے،امیدواران کی فہرست 4 جولائی کو شائع کی جائے گی،انتخابی نشانات 5 جولائی کو الاٹ کیے جائیں گے،حتمی امیدواران کی فہرست معہ انتخابی نشانات 5 جولائی کو جاری ہوگی۔

ترجمان الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ آزادکشمیر قانون ساز اسمبلی کے ضمنی انتخابات کے لیے پولنگ 27 جولائی کو ہوگی ۔

الیکشن کمیشن کے مطابق پونچھ (راولاکوٹ) کے امیدوار کاغذات نامزدگی متعلقہ ریٹرننگ آفیسران کے پاس ہی جمع کروائیں گے، کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال بھی ضلع پونچھ (راولاکوٹ) میں ہی ہوگی۔

ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق متوقع امیدواران کی درخواست پر نامزدگی فارمز جمع کرانے کی تاریخ میں توسیع کی گئی، امیدوار مقررہ تاریخ اور وقت کے اندر کاغذات نامزدگی جمع کرانا یقینی بنائیں۔