ملک میں آج پٹرولیم مصنوعات میں کمی کا اعلان متوقع

پٹرولیم قیمتوں میں کمی کا فائدہ عوام تک پہنچایا جائیگا۔وفاقی وزیر پیٹرولیئم

June 19, 2026 · قومی

وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ وزیراعظم، فیلڈ مارشل، وزیر خارجہ اور وزیر داخلہ کی سفارتی کاوشیں رنگ لا رہی ہیں ،بین الاقوامی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی آ رہی ہے ، پٹرولیم قیمتوں میں کمی کا فائدہ عوام تک پہنچایا جائیگا۔ملک میں آج پٹرولیم مصنوعات میں کمی کا اعلان متوقع ہے۔

ایکس پر اپنے بیان میں وفاقی وزیر پٹرولیم نے مزید کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے ہدایت دی ہے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ فوری طور پر عوام تک منتقل کیا جائے ، اس مقصد کیلئے حکومت نے اعلیٰ سطح کمیٹی تشکیل دیدی جو قیمتوں کے تعین کیلئے شفاف ہفتہ وار فارمولا مرتب کرے گی،اس فارمولا کو تمام متعلقہ سٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے بعد حتمی شکل دی جائے گی،خطے میں کشیدگی کے باوجود حکومت نے ذمہ داری کے ساتھ ملک میں تیل کی سپلائی چین کو بغیر کسی بڑی رکاوٹ کے برقرار رکھا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ موجودہ علاقائی صورتحال کے تناظر میں حکومت پاکستان اپنی توانائی سلامتی کی حکمت عملی کا بھی ازسرِ نو جائزہ لے رہی ہے اور آنے والے مہینوں میں ریاستی مفادات کے تحفظ اور توانائی کے محفوظ مستقبل کیلئے متعدد اقدامات متعارف کرائے جائیں گے ۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم کی ہدایات کے پیش نظر ملک میں 20 جون سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 55روپے فی لٹر کمی کا امکان ہے ۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے وفاقی وزیر پٹرولیم کو 7 مارچ کو کئے گئے اضافے کا ازالہ کرنے کی ہدایت کر دی ،جس کے بعد حکومت کی جانب سے 55 روپے لٹر سے زائد کمی کا راستہ نکالنے کی کوشش جاری ہے ۔