سی ڈی اےبلنگ سسٹم پر ہیکرز کا حملہ،بٹ کوائن میں تاوان کامطالبہ
اسلام آباد میں ہیکرز نے سی ڈی اے کا نظام متاثر کیا، شہری پریشان
فائل فوٹو
شہر کے منتظمین گزشتہ تین دنوں سے شدید صورتحال سے دوچار ہیں، جب نامعلوم ہیکرز نے مبینہ طور پر کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کے پراپرٹی اور واٹر بلنگ سسٹم کو ہیک کر کے بٹ کوائن میں تاوان کا مطالبہ کیا۔
ذرائع کے مطابق سی ڈی اے کے پراپرٹی اور کنزرویسی چارجز سے متعلق ڈیٹا کو نقصان پہنچا ہے اور ہیکرز دھمکی دے رہے ہیں کہ اگر تاوان ادا نہ کیا گیا تو ڈیٹا ڈارک ویب پر اپ لوڈ کر دیا جائے گا۔
سی ڈی اے ریونیو ڈائریکٹوریٹ کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ چونکہ جون اختتامی مہینہ ہے اور اس دوران بڑی تعداد میں شہری اپنے واجبات ادا کرتے ہیں، اس لیے گزشتہ تین دنوں سے سسٹم متاثر ہے۔
انہوں نے کہا کہ ریونیو ڈائریکٹوریٹ، سی ڈی اے کے وینڈر این آر ٹی سی اور آئی ٹی ڈیپارٹمنٹ ڈیٹا بحالی کی کوششوں میں مصروف ہیں اور امید ہے کہ مسئلہ جلد حل ہو جائے گا۔
شہریوں کے مطابق آن لائن لنکس بند ہونے کے باعث وہ ٹیکس ادائیگی نہیں کر پا رہے، سی ڈی اے کی ویب سائٹ تو فعال ہے مگر بل ادائیگی کا لنک کام نہیں کر رہا۔
سی ڈی اے کے مطابق تمام آن لائن ادائیگیاں محفوظ ہیں اور سسٹم کو جلد مکمل طور پر بحال کر دیا جائے گا۔