قومی اسمبلی کشمیر کمیٹی کی محمود خان اچکزئی کو ملاقات کی دعوت
کشمیر صورتحال اور حکمتِ عملی پر قومی مشاورت پر اتفاق ہوا
فائل فوٹو
اسلام آباد : قومی اسمبلی کی کشمیر کمیٹی نے اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی کو ملاقات کی دعوت دے دی ہے۔
چیئرمین پارلیمانی کمیٹی برائے کشمیر رانا محمد قاسم نون نے اپوزیشن لیڈر کو خط لکھ کر کشمیر ایشو پر قومی سطح پر مشاورت کے لیے ملاقات کی درخواست کی ہے۔
خط میں کشمیر کی موجودہ صورتحال اور سفارتی حکمتِ عملی پر تبادلۂ خیال کی تجویز دی گئی ہے۔
کشمیر کاز کو عالمی فورمز پر مؤثر انداز میں اجاگر کرنے کے لیے بھی مشاورت متوقع ہے۔
رانا محمد قاسم نون نے محمود خان اچکزئی سے جلد ملاقات کے لیے وقت بھی مانگا ہے۔
خط میں قومی اہمیت کے امور پر محمود خان اچکزئی کے کردار کو سراہتے ہوئے کشمیر کے حقِ خودارادیت کے مؤقف کو مضبوط بنانے کی تجویز دی گئی ہے۔
دوسری جانب ہیومن رائٹس کونسل آزاد جموں کشمیر کے وفد نے بھی محمود خان اچکزئی سے ملاقات کی ہے۔
وفد نے اپوزیشن چیمبر میں ملاقات کے دوران آزاد کشمیر کی مجموعی سیاسی صورتحال، عوام کے مطالبات اور وفاقی حکومت سے کیے گئے معاہدے پر مشاورت کی ہے۔