غزہ میں اسرائیلی حملے جاری،3 مزید فلسطینی شہید

جنگ بندی کے آغاز کے بعد سے اب تک غزہ میں شہدا کی مجموعی تعداد 1 ہزار 24 تک پہنچ گئی۔

June 22, 2026 · بام دنیا

غزہ میں جنگ بندی کے اعلان کے باوجود اسرائیلی فورسز کی کارروائیاں جاری ہیں اور مختلف علاقوں میں فضائی و زمینی حملوں کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔

عرب میڈیا کے مطابق غزہ میں اسرائیلی حملے کے دوران امتحان کے لیے جانے والی ایک ننھی فلسطینی طالبہ شہید ہوگئی، جبکہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 3 فلسطینی شہید اور 11 زخمی ہوئے۔

رپورٹس کے مطابق جنگ بندی کے آغاز کے بعد سے اب تک غزہ میں شہدا کی مجموعی تعداد 1 ہزار 24 تک پہنچ گئی ہے، جبکہ اکتوبر سے جاری کشیدگی میں 3 ہزار 260 فلسطینی زخمی ہو چکے ہیں۔

غزہ کی وزارت صحت کے مطابق امدادی کارروائیوں کے دوران ملبے سے مزید 784 لاشیں نکالی گئی ہیں۔

دوسری جانب اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ مختلف حملوں میں دو حماس جنگجو مارے گئے ہیں۔

ادھر مقبوضہ مغربی کنارے میں بھی صورتحال کشیدہ ہے جہاں اسرائیلی فوج اور آبادکاروں کی کارروائیاں جاری ہیں، اور گرفتاریوں، گھروں کی مسماری اور فائرنگ کے واقعات رپورٹ ہوئے ہیں۔

رپورٹس کے مطابق مغربی کنارے میں مزید دو فلسطینی نوجوان بھی اسرائیلی فورسز کی فائرنگ سے شہید ہو گئے ہیں۔