ایرانی صدر مسعود پزیشکیان پاکستان پہنچ گئے
ایرانی صدر اپنے دورے کے دوران ایک اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ پاکستان میں قیام کریں گے اور اس دوران اہم حکومتی شخصیات سے ملاقاتیں کریں گے۔
ایرانی صدر مسعود پزیشکیان وزیراعظم شہباز شریف کی دعوت پر سرکاری دورے پر پاکستان پہنچ گئے ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ایرانی صدر اپنے دورے کے دوران ایک اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ پاکستان میں قیام کریں گے اور اس دوران اہم حکومتی شخصیات سے ملاقاتیں کریں گے۔
دفتر خارجہ کے مطابق صدر مسعود پزیشکیان کی ملاقات صدرِ پاکستان، وزیراعظم شہباز شریف، چیئرمین سینیٹ، اسپیکر قومی اسمبلی اور نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے طے ہے۔
ان ملاقاتوں میں پاک ایران تعلقات، خطے کی مجموعی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی بات چیت کی جائے گی۔
ترجمان نے بتایا کہ دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جائے گا، جبکہ تجارت، توانائی، سرحدی سلامتی اور عوامی روابط کے فروغ پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔
اس کے علاوہ علاقائی رابطہ کاری اور عالمی امور پر بھی مشاورت متوقع ہے، جس کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو مزید مضبوط بنانا ہے۔