آزاد کشمیر ہائی کورٹ کا پی ٹی آئی کے حق میں بڑا فیصلہ، بلے کا انتخابی نشان بحال
یہ فیصلہ چیف جسٹس ہائی کورٹ جسٹس شاہد بہار کی سربراہی میں لارجر بینچ نے سنایا۔
مظفرآباد: آزاد جموں و کشمیر ہائی کورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کے حق میں فیصلہ دیتے ہوئے الیکشن کمیشن کو جماعت کی رجسٹریشن بحال کرنے کا حکم دے دیا ہے۔
عدالتی فیصلے کے مطابق تحریک انصاف کو بطور سیاسی جماعت دوبارہ رجسٹر کیا جائے گا، جس کے بعد آزاد کشمیر میں پی ٹی آئی کے امیدوار دوبارہ انتخابی نشان ’’بلے‘‘ کے ساتھ انتخابات میں حصہ لے سکیں گے۔
یہ فیصلہ چیف جسٹس ہائی کورٹ جسٹس شاہد بہار کی سربراہی میں لارجر بینچ نے سنایا۔ کیس سابق وزیراعظم آزاد کشمیر اور پی ٹی آئی رہنما عبدالقیوم نیازی کی جانب سے دائر کردہ رٹ پٹیشن پر سنا گیا۔
عدالت نے الیکشن کمیشن آزاد کشمیر اور حکومت آزاد کشمیر کو نوٹس جاری کرتے ہوئے معاملے پر تفصیلی جواب طلب کر لیا ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل الیکشن کمیشن آزاد کشمیر نے پی ٹی آئی کی سیاسی رجسٹریشن منسوخ کر دی تھی، جس کے خلاف جماعت نے عدالت سے رجوع کیا تھا۔