اسلام آباد مفاہمتی یادداشت خطے میں امن کیلیے بڑی کامیابی ہے ، وزیراعظم

پاکستان خطے کے امن، استحکام اور خوشحالی کے لیے اپنا مثبت کردار آئندہ بھی جاری رکھے گا،مفاہمتی یادداشت پر دستخط کے بعد خطاب

June 23, 2026 · اہم خبریں, قومی

اسلام آباد میں مفاہمتی یادداشت پر دستخط کے بعد خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ اس تاریخی پیش رفت پر انہیں بے حد خوشی ہے اور یہ معاہدہ خطے میں امن و استحکام کی جانب ایک بہت بڑی کامیابی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جنگ بندی کے حصول کے لیے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے انتھک محنت کی، جبکہ پاکستان خطے کے امن، استحکام اور خوشحالی کے لیے اپنا مثبت کردار آئندہ بھی جاری رکھے گا۔

وزیراعظم نے ایرانی قیادت، عوام اور ان کے عزم و حوصلے کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے مذاکراتی عمل کامیاب ہوا۔

انہوں نے کہا کہ ایران نے پاکستان کی ثالثی پر اعتماد کیا، جس پر ہم تہہ دل سے شکر گزار ہیں، اور پائیدار معاہدے تک پاکستان اپنی سفارتی کوششیں جاری رکھے گا۔

شہباز شریف نے اظہارِ امید کیا کہ ایران جلد ایک بڑی معاشی طاقت بن کر ابھرے گا، پاکستان اور ایران ہمیشہ کے لیے دوست اور بھائی ہیں۔

وزیراعظم نے واضح کیا کہ ایران کا میزائل پروگرام کسی بھی مرحلے پر مذاکرات کا حصہ نہیں رہا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسا نہیں ہو سکتا کہ دوسرے ممالک کے پاس میزائل ہوں اور ایران کے پاس نہ ہوں۔

انہوں نے مزید کہا کہ دنیا میں امن معاہدوں کو سبوتاژ کرنے والے عناصر ہمیشہ موجود رہتے ہیں، تاہم پاکستان خطے میں پائیدار امن کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔

ایرانی صدر کے اعزاز میں وزیراعظم ہاؤس میں استقبالیہ تقریب

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ایرانی صدر کی وزیراعظم ہاؤس آمد پر پرتپاک خیرمقدم کیا، اس موقع پر مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے نے انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا، جبکہ ایرانی صدر نے گارڈ آف آنر کا معائنہ کیا۔

تقریب کے دوران دونوں ممالک کے قومی ترانے بھی بجائے گئے، وزیراعظم نے وفاقی کابینہ کے ارکان کا ایرانی صدر سے تعارف کرایا جبکہ ایرانی صدر نے بھی اپنے وفد کے ارکان کو وزیراعظم سے متعارف کرایا۔

بعد ازاں ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے وزیراعظم شہباز شریف کے ہمراہ وزیراعظم ہاؤس کے سبزہ زار میں پودا لگایا اور دعا بھی کی۔

تقریب کو دونوں ممالک کے درمیان خوشگوار تعلقات کے اظہار کے طور پر اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔