مولانا سے ہونے والی باتیں قبر تک راز رہیں گی،وزیراعظم شہباز شریف
وزیراعظم نے ایوان میں اپوزیشن ارکان سے بھی مصافحہ کیا اور ان کی نشستوں پر جا کر خیرسگالی کا اظہار کیا۔
اسلام آباد: قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران وزیراعظم شہباز شریف اور مختلف سیاسی رہنماؤں کے درمیان خوشگوار ملاقاتیں اور دلچسپ جملوں کا تبادلہ دیکھنے میں آیا۔
اجلاس میں آمد پر ارکانِ اسمبلی نے ڈیسک بجا کر وزیراعظم کا استقبال کیا۔ اس موقع پر وزیراعظم خود چل کر جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی نشست تک گئے اور ان سے ملاقات کی۔
گفتگو کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ان کا مولانا فضل الرحمان کے ساتھ احترام اور عزت کا رشتہ ہے، جبکہ دونوں رہنماؤں کے درمیان نجی ملاقاتوں میں ہونے والی باتیں راز ہی رہیں گی۔
وزیراعظم نے ایوان میں اپوزیشن ارکان سے بھی مصافحہ کیا اور ان کی نشستوں پر جا کر خیرسگالی کا اظہار کیا۔ انہوں نے اپوزیشن لیڈر سمیت مختلف اراکین سے ملاقات کی اور خوشگوار ماحول میں تبادلۂ خیال کیا۔
اس دوران وزیراعظم نے لطیف کھوسہ اور نور عالم خان سے بھی ملاقات کی، جبکہ چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری اپنی نشست سے اٹھ کر وزیراعظم سے ملنے گئے۔ دونوں رہنماؤں نے مسکراتے ہوئے ایک دوسرے سے مصافحہ کیا اور خیرسگالی کا اظہار کیا۔