عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت میں مزید کمی ، جنگ سے پہلےکی سطح کے قریب آ گئی
عالمی منڈی میں سپلائی بہتر ہونے سے خام تیل کی قیمتوں میں واضح کمی ریکارڈ
ہوسٹن: عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے جہاں برینٹ کروڈ کی قیمت تقریباً 4 ماہ کی کم ترین سطح پر پہنچ گئی۔
بلوم برگ کے اعداد و شمار کے مطابق خام تیل برینٹ کروڈ 74.80 ڈالر فی بیرل پر ٹریڈ کرتا رہا جو بعد میں مزید گر کر تقریباً 73.8 ڈالر فی بیرل تک بھی پہنچ گیا۔
یہ پہلا موقع ہے کہ برینٹ کروڈ کی قیمت 75 ڈالر فی بیرل سے نیچے آئی ہے، جو فروری کے آخر میں امریکا اور اسرائیل کی ایران کے ساتھ کشیدگی شروع ہونے سے پہلے کی سطح کے قریب ہے۔
قیمتوں میں کمی کی بڑی وجہ امریکا اور ایران معاہدے کے بعد آبنائے ہرمز سے تیل بردار جہازوں کی آمدورفت کا معمول پر آنا بتایا گیا ہے۔
مزید بتایا گیا ہے کہ امریکا کی جانب سے 60 روز کے لیے پابندیاں نرم کرنے کے بعد ایرانی خام تیل کی برآمدات میں ممکنہ اضافہ بھی عالمی رسد بڑھنے کا باعث بن رہا ہے۔
خلیجی ممالک کی جانب سے تیل کی فراہمی میں اضافہ اور بعض کارگو کی رعایتی فروخت کی اطلاعات بھی قیمتوں میں کمی کی ایک وجہ ہیں۔
ان پیش رفتوں کے بعد سرمایہ کاروں نے تیل کی قیمتوں میں شامل جیو پولیٹیکل رسک پریمیم نکالنا شروع کر دیا ہے، جس سے قیمتوں میں مزید کمی آئی ہے۔
اسی دوران سونے کی قیمتوں میں بھی کمی دیکھی گئی جبکہ عالمی اسٹاک مارکیٹوں میں بہتری ریکارڈ کی گئی ہے۔
تاہم توانائی کے ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ مشرق وسطیٰ کی صورتحال اب بھی غیر یقینی ہے اور آبنائے ہرمز میں ترسیل متاثر ہونے کی صورت میں قیمتیں دوبارہ بڑھ سکتی ہیں۔