چاغی سے اغوا ہونے والا ترک شہری مستونگ سے بازیاب، وطن واپس روانہ

اغوا کاروں نے ترک شہری کو مختلف پہاڑی علاقوں میں رکھا۔ بازیابی کے وقت ان کی صحت تسلی بخش تھی ، پولیس

June 24, 2026 · اہم خبریں, قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

کوئٹہ: بلوچستان کے ضلع چاغی سے 2 ماہ قبل اغوا کیے جانے والے ترک شہری صالح گل جمال، کو مستونگ کے علاقے کردگاپ سے بازیاب کرا کے بحفاظت ترکیہ روانہ کر دیا گیا ہے۔

اپریل میں چاغی کے علاقے داریگوان میں ایک نجی معدنی منصوبے پر نامعلوم مسلح افراد نے حملہ کیا تھا۔ اس حملے میں مشینری کو نقصان پہنچانے کے علاوہ ترکیہ کے ایک ڈرلر سمیت 8 افراد ہلاک ہوئے تھے جبکہ حملہ آور دوسرے ترک ڈرلر (صالح گل جمال) کو اغوا کر کے لے گئے تھے۔

سینیئر سرکاری اہلکار کے مطابق مغوی کو مستونگ کے علاقے کردگاپ سے تحویل میں لے کر پہلے کوئٹہ اور پھر کراچی منتقل کیا گیا، جہاں سے وہ اپنے وطن روانہ ہو گئے۔

پولیس بیان کے مطابق اغوا کاروں نے ترک شہری کو مختلف پہاڑی علاقوں میں رکھا۔ بازیابی کے وقت ان کی صحت تسلی بخش تھی۔

ابھی تک یہ واضح نہیں ہو سکا کہ ترک شہری کی بازیابی کسی تاوان کی ادائیگی کے بعد ممکن ہوئی یا اغوا کاروں نے انہیں کسی شرط کے بغیر رہا کیا۔