باجوڑ میں ہیضےکی وبا سے 2بچیاں جاں بحق۔ایک ہی گھر کے10افراد متاثر
محکمہ صحت باجوڑ کے حکام کا کہنا ہےکہ صورتحال کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے
فائل فوٹو
باجوڑ کی تحصیل اتمان خیل کے علاقے بانڈگئی میں ہیضے کی وبا پھوٹ پڑی، جہاں ایک ہی گھر کے 10 افراد شدید متاثر ہو گئے جبکہ دو بچیاں جاں بحق ہو گئیں۔
جاں بحق ہونے والی بچیوں کی شناخت 9 سالہ علیشہ بی بی اور 4 سالہ پاکیزہ بی بی کے نام سے ہوئی ہے۔ اسپتال ذرائع کے مطابق متاثرہ خاندان کا تعلق لوئر دیر سے ہے۔ دیگر متاثرین کو طبی امداد کے لیے تیمرگرہ اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
دریں اثنا محکمہ صحت نے علاقے میں مشتبہ ہیضہ اور شدید اسہال کے کیسز رپورٹ ہونے پر فوری کارروائی شروع کر دی ہے۔ ڈی سی باجوڑ اور ڈی ایچ او کی ہدایت پر محکمہ صحت کی آؤٹ بریک رسپانس ٹیم نے متاثرہ علاقے کا دورہ کیا اور صورتحال کا جائزہ لیا۔
ٹیم نے دورے کے دوران پانی کے نمونے حاصل کر لیے ہیں۔ حکام کے مطابق متاثرہ خاندان کو ضروری ادویات، او آر ایس اور دیگر طبی سہولیات فراہم کر دی گئی ہیں۔
محکمہ صحت باجوڑ کے حکام کا کہنا ہے کہ صورتحال کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے اور عوام کو ہر ممکن طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ علاوہ ازیں وبا پر قابو پانے کے لیے ہنگامی اقدامات کی ہدایات بھی جاری کر دی گئی ہیں۔