اورماڑہ: موٹرسائیکل میں نصب بارودی مواد کا دھماکا، ایک شخص جاں بحق

۔ دھماکا اتنا شدید تھا کہ اس کی آواز دور دور تک سنی گئی، موٹرسائیکل کے پرخچے اڑ گئے۔

June 25, 2026 · قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

اورماڑہ میں موٹرسائیکل میں نصب ریموٹ کنٹرول یا ٹائم فکسڈ دھماکا خیز مواد (آئی ای ڈی) کے دھماکے کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق ہو گیا ہے۔

اورماڑہ پولیس کے مطابق افسوسناک واقعہ اس وقت پیش آیا جب نامعلوم افراد کی جانب سے موٹرسائیکل میں نصب کیا گیا بارودی مواد گاڑی اسٹارٹ کرتے ہی زور دار دھماکے سے پھٹ گیا۔ دھماکا اتنا شدید تھا کہ اس کی آواز دور دور تک سنی گئی اور موٹرسائیکل کے پرخچے اڑ گئے۔

سیکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ دھماکے کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت ہو گئی ہے، جو پڑوسی شہر پسنی کا رہائشی تھا۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی، جس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دیے ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ لاش کو قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ واقعے کی محرکات جاننے اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔