امریکا کو فضائی اڈے ایران پر حملوں کیلیےنہیں دیے، اٹلی نے یقین دہانی کرادی
ایران اور اٹلی کے وزرائے خارجہ کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ، وضاحت اور موقف کا تبادلہ
فائل فوٹو
وینس: اٹلی نے ایران کو ایک بار پھر یقین دہانی کرائی ہے کہ اس نے امریکا کو ایران کے خلاف کسی بھی فوجی کارروائی کے لیے اپنے فضائی اڈے استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق یہ یقین دہانی اطالوی وزیر خارجہ انتونیو تاجانی نے اپنے ایرانی ہم منصب عباس عراقچی سے ٹیلیفونک گفتگو کے دوران کرائی۔
اطالوی وزیر خارجہ انتونیو تاجانی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں بتایا کہ انہوں نے ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی سے تفصیلی گفتگو کی۔
انہوں نے واضح کیا کہ اٹلی نے کبھی کسی فوجی کارروائی میں حصہ نہیں لیا اور نہ ہی امریکا کو ایران کے خلاف جنگی کارروائیوں کے لیے اپنے فوجی اڈے استعمال کرنے کی اجازت دی۔
مزید کہا گیا کہ اٹلی نے امریکا کے ساتھ دفاعی معاہدوں کا احترام کرتے ہوئے بھی ایران کے خلاف کسی جنگی مشن کی منظوری نہیں دی۔
یہ بیان ایسے وقت سامنے آیا جب نیٹو کے سیکریٹری جنرل مارک روٹے کے بیان پر اٹلی میں سیاسی تنازع پیدا ہوا۔
بیان میں اشارہ دیا گیا تھا کہ امریکی کارروائیوں میں اٹلی کے فوجی اڈے استعمال ہوئے، جس پر حکومت کو تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔
وزیراعظم جورجیا میلونی پہلے ہی کہہ چکی تھیں کہ اٹلی کے اڈے ایران کے خلاف براہِ راست کارروائی میں استعمال نہیں ہوئے۔
دوسری جانب ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کشیدگی کے تناظر میں یورپی ممالک سے سفارتی رابطے تیز کر دیے ہیں۔