بنوں میں ایمبولینس پر فائرنگ سے 4 افراد جاں بحق
سرکلر روڈ پر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا۔ لاشوں کی شناخت نہیں ہوسکی۔ پولیس حکام
ضلع بنوں میں ایک نجی ایمبولینس پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے چار افراد جاں بحق ہو گئے۔
ضلع میں کام کرنے والے ریسکیو اہلکاروں نے بتایا کہ انھیں اطلاع موصول ہوئی کہ بنوں کے سرکلر روڈ پر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے جس کے بعد فوری طور پر ایمبولینس روانہ کر دی گئی۔ ان کے مطابق سڑک پر ایک نجی ایمبولینس میں چار لاشیں پڑی تھیں جنھیں ہسپتال منقتل کر دیا گیا۔
بنوں کے ریجنل پولیس افسر رب نواز خان نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ اب تک لاشوں کی شناخت نہیں ہوسکی ہے۔
ڈسٹرکٹ ہسپتال بنوں میں پولیس اہلکاروں نے مقامی صحافیوں کو بتایا کہ نامعلوم افراد نے ایک نجی ایمبولینس پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں اس میں سوار چار افراد ہلاک ہوگئے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مرنے والوں کی شناخت اور واقعے کے بارے میں مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں۔