یومِ عاشورپر پنجاب کے 24 اضلاع میں موبائل سروس جزوی معطل
لاہور سمیت پنجاب کے دیگر تمام اضلاع میں موبائل فون سروس مکمل طور پربحال رہےگی گی۔
یومِ عاشور کے موقع پر پنجاب کے 24 اضلاع میں موبائل فون سروس جزوی طور پر معطل رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ یہ پابندی صرف جلوسوں اور مجالس کے حساس مقامات تک محدود ہوگی جبکہ دیگر علاقوں میں موبائل سروس معمول کے مطابق فعال رہے گی۔
ذرائع کے مطابق جن اضلاع میں مخصوص مقامات پر موبائل سروس جزوی طور پر بند رکھی جائے گی ان میں راولپنڈی، اٹک، چکوال، سرگودھا، خوشاب، بھکر، حافظ آباد، گجرات، نارووال، فیصل آباد، ٹوبہ ٹیک سنگھ، چنیوٹ، ملتان، جھنگ، ساہیوال، اوکاڑہ، پاکپتن، ڈی جی خان، راجن پور، مظفرگڑھ، لیہ، کوٹ ادو، بہاولنگر اور رحیم یار خان شامل ہیں۔
حکام کے مطابق ان اضلاع میں مجالس اور جلوسوں کے مقامات کے اطراف موبائل سروس رات 10 بجے تک جزوی طور پر معطل رکھی جائے گی۔
لاہور سمیت پنجاب کے دیگر تمام اضلاع میں موبائل فون سروس مکمل طور پر بحال رہے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ امن و امان برقرار رکھنے اور شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے محکمہ داخلہ پنجاب نے پولیس کی سفارش پر وفاقی حکومت کو مراسلہ ارسال کیا تھا۔ اس مقصد کے لیے مجالس اور جلوسوں کے مقامات کے لوکیشن کوآرڈینیٹس بھی فراہم کیے گئے، جس کے بعد وفاقی حکومت نے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی ( پی ٹی اے) کو مخصوص مقامات پر موبائل سروس کی جزوی معطلی کے احکامات جاری کئے ہیں۔