کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی کے کور ممبر فیصل کشمیری کا تنظیم سے لاتعلقی کا اعلان
کالعدم کمیٹی کے پلیٹ فارم سے کی جانے والی باتیں آزاد کشمیر کے لوگوں کا مؤقف ہرگز نہیں ہیں۔
آزاد کشمیر کی کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی کے کور ممبر فیصل جمیل کشمیری نے تنظیم سے لاتعلقی کا اعلان کر دیا۔
فیصل جمیل کشمیری نے تنظیم سے لاتعلقی کا اعلان کرتے ہوئے اپنے پیغام میں کہا کہ کالعدم کمیٹی کے پلیٹ فارم سے کی جانے والی باتیں آزاد کشمیر کے لوگوں کا مؤقف ہرگز نہیں ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ ریاست مخالف ایجنڈا افسوسناک ہے، وہ کبھی اس سے متفق نہیں ہوسکتے، عوامی حقوق اور آٹے بجلی کی قیمتوں سے شروع ہونے والی تحریک کا رخ موڑ دیا گیا ہے، ہم نے بجلی اور آٹے کے جو ریٹس لیے وہ پورے پاکستان میں نہیں ہیں، کمیٹی میں میرا کردار یہی تھا کہ میں بجلی اور آٹے کی قیمتوں اور دیگر ٹیکسز کے حوالے سے کام کروں لیکن اس سے ہٹ کر جو باقی باتیں ہیں وہ فضول قسم کی باتیں ہیں اور نا ہی وہ چیزیں ہمارے وہم و گمان میں تھیں۔
فیصل جمیل کشمیری کا کہنا تھا ریاست مخالف باتیں کرنا آزاد کشمیر کے عوام کی رائے نہیں ہے، ہم خالصتاً عوامی حقوق اور جدوجہد کے حوالے سے بات کرتے رہے ہیں اور آئندہ بھی کریں گے لیکن یہ جو لائن سے اس کا قطعاً آزاد کشمیر کی عوام سے کوئی تعلق نہیں ہے۔
ان کا کہنا تھا ہمارے جو دوست پونچھ اور دیگر جگہوں پر بیٹھے ہیں ان سے گزارش ہے کہ مزید کوئی المیہ پیدا کرنے کے بجائے باہمی مذاکرات اور بات چیت سے معاملات حل کیے جائیں تاکہ ہمارا علاقہ جو پورے پاکستان میں امن کے حوالے سے مشہور ہے یہ دوبارہ اپنی ڈگر پر آ جائے۔
دوسری جانب آزاد جموں و کشمیر کے آئی جی پولیس لیاقت علی ملک نے کہا کہ شرپسند عناصر کشمیر کی صورتِ حال سے متعلق جھوٹا پروپیگنڈا کررہے ہیں۔