نیلم میں سڑکیں اور بازار بحال، راولاکوٹ میں دھرنا برقرار

دھرنا ختم ہونے کے بعد ضلع ہیڈکوارٹر سمیت مختلف علاقوں میں ٹریفک کی روانی معمول پر آ گئی ہے

June 26, 2026 · قومی
نیلم میں سڑکیں اور بازار بحال، راولاکوٹ میں دھرنا برقرار

وادیٔ نیلم میں کئی روز سے جاری احتجاجی دھرنا اگلی کال تک مؤخر کر دیا گیا، جس کے بعد مرکزی شاہراہ ٹریفک کے لیے کھول دی گئی ہے اور بازاروں میں معمول کی کاروباری سرگرمیاں بحال ہو گئی ہیں۔ تاہم راولاکوٹ میں جوائنٹ ایکشن کمیٹی کا احتجاج بدستور جاری ہے۔

دھرنا ختم ہونے کے بعد ضلع ہیڈکوارٹر سمیت مختلف علاقوں میں ٹریفک کی روانی معمول پر آ گئی ہے، لیکن ضلع نیلم سے مظفرآباد جانے والی پبلک ٹرانسپورٹ تاحال بحال نہیں ہو سکی۔ البتہ نجی اور کرائے کی گاڑیاں معمول کے مطابق آمد و رفت کر رہی ہیں۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق علاقے میں امن و امان کی صورتحال معمول پر ہے اور مظاہرین نے اپنی مرضی سے دھرنا ختم کیا۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ احتجاج کے خاتمے کے لیے نہ کوئی مذاکرات ہوئے اور نہ ہی مظاہرین کے مطالبات تسلیم کیے گئے۔

دوسری جانب جوائنٹ ایکشن کمیٹی کا کہنا ہے کہ دھرنا مستقل طور پر ختم نہیں کیا گیا بلکہ آئندہ کال تک مؤخر کیا گیا ہے۔ کمیٹی کے مطابق کارکنوں کو وقتی طور پر گھروں کو بھیج دیا گیا ہے اور مرکزی قیادت کی ہدایت ملتے ہی وہ دوبارہ احتجاج کے لیے جمع ہو جائیں گے۔

جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے یہ بھی کہا ہے کہ عوام کی سہولت کے پیشِ نظر مرکزی شاہراہ کھولی گئی، تاہم وادیٔ نیلم میں پیٹرول کی قلت برقرار ہے کیونکہ کئی روز سے پیٹرول کی سپلائی متاثر ہے، جس کے باعث متعدد پیٹرول پمپس بند ہیں۔