پاکستانی فضائی حدود میں داخل ہونے پر ایئر انڈیا کا پائلٹ برطرف
یہ واقعہ 22 جون کو اس وقت پیش آیا جب دہلی سے امرتسر جانے والی پرواز لینڈنگ کی تیاری کر رہی تھی۔
بھارت کی قومی فضائی کمپنی ایئر انڈیا کے ایک پائلٹ کو پاکستانی فضائی حدود میں طیارہ داخل ہونے کے واقعے کے بعد ڈیوٹی سے ہٹا دیا گیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ 22 جون کو اس وقت پیش آیا جب دہلی سے امرتسر جانے والی پرواز لینڈنگ کی تیاری کر رہی تھی۔ رن وے پر پرندہ ٹکرانے کے ایک الگ واقعے کے باعث لینڈنگ عارضی طور پر روک دی گئی اور پرواز کو فضا میں انتظار کرنے کی ہدایت دی گئی۔
رپورٹس کے مطابق ریڈار کی رہنمائی میں لینڈنگ کے دوران طیارہ غیر ارادی طور پر چند لمحوں کے لیے پاکستانی فضائی حدود میں داخل ہو گیا۔ بعد ازاں پاکستانی فضائی حکام سے رابطے کے بعد طیارہ دوبارہ بھارتی فضائی حدود میں واپس آ گیا۔
حکام کے مطابق کم ایندھن کے باعث پرواز کو امرتسر کے بجائے دہلی واپس اتارنا پڑا۔ واقعے کے بعد بھارتی سول ایوی ایشن حکام نے پائلٹ کو ڈیوٹی سے ہٹا کر محکمانہ تحقیقات شروع کر دی ہیں، جبکہ امرتسر ایئرپورٹ کے ایک فضائی ٹریفک کنٹرولر کے خلاف بھی کارروائی کی گئی ہے۔
ایئر انڈیا نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ متعلقہ ریگولیٹری اداروں کو آگاہ کر دیا گیا ہے اور کمپنی بھی معاملے کی اندرونی تحقیقات کر رہی ہے۔