تھور میں کلاؤڈ برسٹ، سیلابی ریلوں نے بڑے پیمانے پر تباہی مچا دی

تھور شیتن، تھور میک اور دیگر متاثرہ مقامات پر سیلابی پانی کھیتوں میں داخل ہونے سے کھڑی فصلوں اور زرعی اراضی کو بھی نمایاں نقصان پہنچ

June 27, 2026 · قومی

 چلاس کے نواحی علاقے تھور میں کلاؤڈ برسٹ کے بعد اچانک آنے والے سیلابی ریلوں نے بڑے پیمانے پر تباہی مچا دی، جس سے گھروں، زرعی زمینوں اور بنیادی ڈھانچے کو شدید نقصان پہنچا۔

اطلاعات کے مطابق تھور میک میں واقع ایک مقامی مسجد بھی سیلابی ریلے کی زد میں آ گئی، جبکہ تھور اینگر میں پہاڑوں سے اچانک آنے والے پانی نے ایک رہائشی مکان، گاڑی، قیمتی سامان اور مال مویشی بہا دیے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ گولڈ پلیسر کے ذریعے حاصل کیا گیا تقریباً 200 گرام سونا اور نقد رقم بھی سیلاب کی نذر ہو گئی۔ مختلف علاقوں میں ملبہ گھروں میں داخل ہونے سے معمولات زندگی متاثر ہوئے، جبکہ رابطہ سڑکیں منقطع ہونے کے باعث آمدورفت بھی شدید متاثر ہے۔

تھور شیتن، تھور میک اور دیگر متاثرہ مقامات پر سیلابی پانی کھیتوں میں داخل ہونے سے کھڑی فصلوں اور زرعی اراضی کو بھی نمایاں نقصان پہنچا ہے۔

مقامی ذرائع کے مطابق متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں فی الحال عوام اپنی مدد آپ کے تحت انجام دے رہے ہیں، تاہم رابطہ سڑکیں بند ہونے کے باعث متاثرین تک رسائی اور امدادی کارروائیوں میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔