اس ہفتے پیٹرول اور ڈیزل کی عالمی قیمتوں کا جائزہ لیا جائے گا،وزیر پیٹرولیم
ڈیزل کی قیمت میں مجموعی طور پر 200 روپے فی لیٹر جبکہ پیٹرول کی قیمت میں 155 روپے فی لیٹر تک کمی کی جا چکی ہے۔
وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ حکومت رواں ہفتے پیٹرول اور ڈیزل کی بین الاقوامی قیمتوں کے رجحانات کا تفصیلی جائزہ لے گی، جس کے بعد آئندہ قیمتوں سے متعلق فیصلہ کیا جائے گا۔
اپنے بیان میں وزیر پیٹرولیم نے کہا کہ حکومت کی پالیسی تمام شعبوں کے ساتھ یکساں برتاؤ پر مبنی ہے اور کسی ایک طبقے پر غیرضروری مالی بوجھ ڈالنے کا ارادہ نہیں۔ ان کے مطابق حکومت بین الاقوامی ذمہ داریوں کو مدنظر رکھتے ہوئے عوام تک ممکنہ حد تک ریلیف پہنچانے کے لیے پرعزم ہے۔
علی پرویز ملک کا کہنا تھا کہ حکومت ماضی میں بھی عالمی منڈی میں قیمتوں کے مطابق عوام کو ریلیف فراہم کرتی رہی ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ وزیراعظم کی قیادت میں اب تک ڈیزل کی قیمت میں مجموعی طور پر 200 روپے فی لیٹر جبکہ پیٹرول کی قیمت میں 155 روپے فی لیٹر تک کمی کی جا چکی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں کا جائزہ مکمل ہونے کے بعد پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سے متعلق آئندہ فیصلہ کیا جائے گا۔