ٹی ایم اے کا ٹریکٹر الٹنے سے دو اہلکار جان کی بازی ہار گئے

ٹی ایم اے ملازمین اور جاں بحق اہلکاروں کے لواحقین نے اسپتال انتظامیہ پر بروقت علاج فراہم نہ کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے احتجاج کیا۔

June 28, 2026 · قومی

تیمرگرہ: سبزی منڈی کے قریب ٹی ایم اے کا ٹریکٹر الٹنے سے دو اہلکار جان کی بازی ہار گئے جبکہ ایک شخص شدید زخمی ہوگیا۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثے میں زخمی ہونے والے ٹی ایم اے اہلکار صلاح الدین اور وقار مسیح دورانِ علاج دم توڑ گئے، جبکہ ایک زخمی کو اسپتال میں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

واقعے کے بعد ٹی ایم اے ملازمین اور جاں بحق اہلکاروں کے لواحقین نے اسپتال انتظامیہ پر بروقت علاج فراہم نہ کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے احتجاج کیا۔ مظاہرین نے لاشیں اسپتال کے سامنے سڑک پر رکھ کر دھرنا دیا اور مبینہ غفلت کے ذمہ دار ڈاکٹروں اور متعلقہ افراد کے خلاف قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا۔

احتجاج کے باعث کچھ دیر کے لیے علاقے میں ٹریفک کی روانی بھی متاثر رہی۔ بعد ازاں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر واجد علی خان نے واقعے کی شفاف تحقیقات اور ذمہ داروں کے خلاف مناسب کارروائی کی یقین دہانی کرائی، جس کے بعد مظاہرین نے احتجاج ختم کر دیا۔

ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ حادثے اور علاج میں مبینہ غفلت کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جائے گا اور تحقیقات کی روشنی میں ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔