جیو نیوز نے غلطی تسلیم کرلی۔ ذمہ داران کیخلاف کارروائی کا اعلان

10 محرم الحرام کو پروگرام”سفرِ عشق“ میں ناقابل قبول مذہبی تصویر کشی کی گئی

June 28, 2026 · قومی

جیو نیوز نے 10 محرم کو نشر ہونے والے مواد “سفرِ عشق” کے حوالے سے غلطی کو تسلیم کرلیا۔ آج صبح جیو نیوز پر نشر ہونے والے وضاحتی بیان میں کہا گیا ہے کہ اس مواد میں عراق اور کچھ دیگر مشرقِ وسطیٰ کے ممالک کی بعض محدود رسومات کی عکاسی کی گئی تھی۔ یہ مواد محض ان مقامی رسومات کی عکاسی کرتا تھا اور اس کا مقصد کسی وسیع تر مذہبی نقطۂ نظر کی نمائندگی کرنا، اس کی تائید کرنا یا اسے فروغ دینا نہیں تھا۔
یہ مواد نہ تو جیو نیوز نے تیار کیا تھا اور نہ ہی اس کی اشاعت کسی ارادے یا مقصد کے تحت کی گئی تھی۔

ہم وضاحت کرنا چاہتے ہیں کہ جیو نیوز مسلم امّہ کے وسیع پیمانے پر تسلیم شدہ عقائد اور حساسیتوں کے احترام کی اپنی پالیسی پر سختی سے کاربند ہے۔ ایسے مواد کی شمولیت ہمارے اداریاتی مؤقف یا ادارہ جاتی عقائد کی عکاسی نہیں کرتی۔

متعلقہ مواد کو فوری طور پر ہٹا دیا گیا، اور ادارے نے فوری طور پر اس میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کی۔ عوامی ردِعمل سے پہلے وضاحتیں اور معذرت نشر کی گئی تھیں۔
جیو نیوز نے اعلامیہ میں کہا کہ ہم کسی بھی تکلیف پر افسوس کا اظہار کرتے ہیں اور مذہبی احترام کے اعلیٰ ترین معیارات کو برقرار رکھنے کے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔
اس سے قبل پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نے نجی ٹی وی چینل ”جیو نیوز “ کو پیمرا قوانین کی خلاف ورزی پر نوٹس جاری کرتے ہوئے اس کی نشریات 15 دن کے لیے معطل کر دیں۔

پیمرا سے جاری بیان کے مطابق جیو نیوز پر 10 محرم الحرام، 26 جون 2026 کو نشر ہونے والے پروگرام”سفرِ عشق“ میں ناقابل قبول مذہبی تصویر کشی کی گئی۔ پیمرا نے کہا کہ ایسی تصویر کشی اور تصوراتی عکاسی نہ صرف لائسنس کی خلاف ورزی ہے بلکہ مذہبی، معاشرتی اور ثقافتی اقدار اور اصولوں کے بھی منافی ہے۔
پیمرا کے مطابق ایسی تصویر کشی قانون اور پیمرا کی کئی شقوں کی سراسر خلاف ورزی ہےجس سے مذہبی جذبات مجروح ہوئے اور ہونے کا خدشہ ہے،جس کی بنیاد پر جیو نیوز کا لائسنس معطل کیا جا رہا ہے۔
پیمرا نے کہا کہ مذہبی جذبات مجروح ہونے اور مذہبی ہم آہنگی کو نقصان پہنچنے کے پیشِ نظر یہ احکامات جاری کیے جا رہے ہیں۔ پیمرا نے کہا کہ جیو نیوز پر لازم تھا کہ مذہبی پروگرام نشر کرتے ہوئے احتیاط سے کام لیا جاتا اور ادارے کی اندرونی کمیٹی ایسے معاملات کا خود جائزہ لیتی، تاہم وہ اس میں ناکام رہی۔
پیمرا نے جیو نیوز کا لائسنس فی الفور 15 دن کے لیے معطل کرتے ہوئے کہا کہ یہ تمام احکامات پیمرا قوانین کے تحت جاری کیے جا رہے ہیں۔ پیمرا کے مطابق جیو نیوز کی نشریات سیٹلائٹ اور تمام نشریاتی نیٹ ورکس پر معطل رہیں گی جبکہ تمام ڈسٹری بیوٹرز اور آپریٹرز کو ہدایت جاری کی گئی ہے کہ ان احکامات پر عملدرآمد یقینی بنائیں۔
پیمرا نے کہا کہ اس معاملے پر پیمرا کی شکایات کونسل بھی مزید کارروائی کے لیے سماعت کرے گی اور مزید ریگولیٹری ایکشن کی سفارشات مرتب کرے گی۔ پیمرا نے جیو نیوز کو احکامات جاری کئے کہ وہ اپنے ادارے کے اندر بھی انکوائری کرے اور اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ مستقبل میں ایسی خلاف ورزی نہ ہو۔