عالمی منڈی کے مطابق قیمتیں کم کریں گے:وفاقی وزیر پیٹرولیم
عالمی منڈی میں قیمتیں کم ہونے کی صورت میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید کمی کی جا سکتی ہے۔
عالمی منڈی کے مطابق قیمتیں کم کریں گے:وفاقی وزیر پیٹرولیم
لاہور: وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ حکومت ایران سے سستا تیل اور گیس خریدنے کے امکانات پر غور کر رہی ہے، جبکہ عالمی منڈی میں قیمتیں کم ہونے کی صورت میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید کمی کی جا سکتی ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت عالمی معاہدوں اور پالیسی فریم ورک کے تحت توانائی کے شعبے میں اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔ ان کے مطابق گزشتہ ہفتے عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں جتنی کمی ہوئی، اس سے زیادہ ریلیف عوام کو دیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ بعض عناصر پیٹرولیم قیمتوں سے متعلق غلط معلومات پھیلا رہے ہیں، جبکہ وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر فوری طور پر عوام کو فائدہ منتقل کیا گیا۔
علی پرویز ملک نے کہا کہ خطے میں کشیدگی میں کمی اور امن کی صورتحال بہتر ہونے کے بعد عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں بھی کمی دیکھی جا رہی ہے، جس کا فائدہ پاکستان کو بھی پہنچے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت پیٹرولیم قیمتوں میں کمی کے حوالے سے مسلسل متحرک ہے اور عوام کو عالمی منڈی کے مقابلے میں زیادہ ریلیف فراہم کیا گیا ہے۔
وفاقی وزیر نے محرم الحرام کے دوران امن و امان کی صورتحال کو سراہتے ہوئے پاک فوج، وزیراعظم اور پنجاب حکومت کے کردار کی بھی تعریف کی۔