آئندہ 30 روز تک آبنائے ہرمز کی نگرانی ایران کے ذمہ رہے گی،عباس عراقچی

خلیج میں بحری آمدورفت کی بحالی کے معاملے میں کسی بھی دوسرے فریق کی مداخلت صورتحال کو مزید پیچیدہ بنا سکتی ہے۔

June 28, 2026 · اہم خبریں

 ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے بغداد میں اپنے عراقی ہم منصب کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران کہا ہے کہ آئندہ 30 روز تک آبنائے ہرمز کی نگرانی ایران کے ذمہ رہے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ خلیج میں بحری آمدورفت کی بحالی کے معاملے میں کسی بھی دوسرے فریق کی مداخلت صورتحال کو مزید پیچیدہ بنا سکتی ہے۔

عباس عراقچی نے کہا کہ موجودہ کشیدگی پورے خطے کے لیے نقصان دہ ہے، اس لیے تمام علاقائی ممالک کو امن اور استحکام کے لیے مشترکہ کوششیں کرنا ہوں گی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ لبنان میں پائیدار امن کے لیے اسرائیلی افواج کا انخلا اور حملوں کا خاتمہ ضروری ہے۔

ایرانی وزیر خارجہ نے عراق کی جانب سے ایران پر حملوں کی مذمت کو سراہتے ہوئے کہا کہ تہران بغداد کے ساتھ اپنے اسٹریٹجک تعلقات کو مزید مضبوط بنانا چاہتا ہے۔

اس موقع پر عراقی وزیر خارجہ فواد حسین نے کہا کہ عراق اور ایران کے درمیان تاریخی، ثقافتی اور دیرینہ تعلقات موجود ہیں۔ ان کے مطابق ملاقات کے دوران دوطرفہ تعلقات، خطے کی سیکیورٹی اور آبنائے ہرمز کی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

فواد حسین کا کہنا تھا کہ آبنائے ہرمز میں کشیدگی اور بحری سرگرمیوں میں رکاوٹ کے باعث عراق کی معیشت اور مالی صورتحال متاثر ہوئی ہے، جبکہ ایران اور امریکا کے درمیان حالیہ کشیدگی کے دوران عراق کو بھی متعدد سیکیورٹی چیلنجز کا سامنا کرنا پڑا۔