کراچی: رینجرز کے شہید جوانوں کی نمازِ جنازہ ادا ، وفاقی وزیر داخلہ، گورنر اور وزیراعلیٰ سندھ کی شرکت

نمازِ جنازہ کے بعد شہدا کے جسدِ خاکی ان کے آبائی علاقوں کی طرف روانہ کر دیے گئے، جہاں انہیں مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپردِ خاک کیا جائے گا۔

June 28, 2026 · اہم خبریں, قومی

کراچی: گلستان جوہر میں سچل رینجرز سندھ کے کیمپ پر بھارتی پراکسی جماعت ‘الاحرار’ کے بزدلانہ دہشت گرد حملے کو ناکام بناتے ہوئے جامِ شہادت نوش کرنے والے پاکستان رینجرز (سندھ) کے بہادر جوانوں کی نمازِ جنازہ ادا کر دی گئی۔

نمازِ جنازہ میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، گورنر سندھ نہال ہاشمی، وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) رینجرز، شہدا کے لواحقین اور سینئر سول و عسکری حکام نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

اس موقع پر شرکا نے شہدا کی عظیم قربانیوں کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا اور سوگوار خاندانوں سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔ نمازِ جنازہ کے بعد شہدا کے جسدِ خاکی ان کے آبائی علاقوں کی طرف روانہ کر دیے گئے، جہاں انہیں مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپردِ خاک کیا جائے گا۔

دہشت گردوں کا پیچھا کر کے کیفرِ کردار تک پہنچائیں گے: محسن نقوی

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کا یہ واقعہ انتہائی افسوسناک ہے جس کا ہر صورت حساب لیا جائے گا۔ دہشت گردی کرنے والے عناصر چاہے ملک کے کسی بھی کونے میں چھپے ہوں، ہماری سیکیورٹی فورسز ان کا پیچھا کریں گی اور انہیں کیفرِ کردار تک پہنچا کر دم لیں گی۔

نمازِ جنازہ کی ادائیگی کے بعد وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے گورنر سندھ کے ہمراہ اس جائے وقوعہ کا دورہ بھی کیا جہاں دہشت گردانہ حملہ ہوا تھا، اور سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔

بھارتی اسپانسرڈ دہشت گردی کو برداشت نہیں کیا جائے گا: گورنر سندھ

گورنر سندھ نہال ہاشمی نے دہشت گردی کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ہم بھارتی اسپانسرڈ دہشت گردی کو کبھی برداشت نہیں کریں گے۔ ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے جدوجہد جاری رہے گی اور اس ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکا جائے گا۔

رینجرز کے بہادر جوانوں کو سلام پیش کرتے ہیں: مراد علی شاہ

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے شہداء کی قربانی کو سراہتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملاتے ہوئے رینجرز کے بہادر جوانوں نے جامِ شہادت نوش کیا، جن کی شجاعت کو ہم سلام پیش کرتے ہیں۔ ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے حکومت اور عوام سیکیورٹی فورسز کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔