وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان خطے میں امن کا خواہاں ہے، تاہم شہریوں کی جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس معاملے پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اپنے بیان میں عطا تارڑ نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت وفاقی ایپکس کمیٹی سے منظور شدہ عزمِ استحکام پالیسی کے مطابق سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے دہشت گردی کے خلاف بھرپور کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں تاکہ بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کا مکمل خاتمہ یقینی بنایا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا، بلوچستان اور کراچی میں پاکستان رینجرز سندھ کے کیمپ پر حالیہ دہشت گرد حملوں، جن میں معصوم شہریوں کو نشانہ بنایا گیا، کے بعد سکیورٹی فورسز نے پاک افغان سرحد کے ساتھ انٹیلی جنس اطلاعات کی بنیاد پر منظم زمینی آپریشن کیا، جس کا مقصد دہشت گرد عناصر کا قلع قمع کرنا تھا۔