آزاد کشمیر کا 286 ارب روپے کا بجٹ آج اسمبلی میں پیش کیا جائے گا
مجوزہ بجٹ میں غیر ترقیاتی اخراجات کے لیے 250 ارب روپے جبکہ سالانہ ترقیاتی پروگرام (اے ڈی پی) کے لیے 36 ارب روپے مختص کیے جانے کی تجویز شامل ہے۔
مظفرآباد: آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کا بجٹ اجلاس آج صبح 11 بجے منعقد ہوگا، جس میں وزیر خزانہ چوہدری قاسم مجید مالی سال 2026-27 کا سالانہ بجٹ پیش کریں گے۔
ذرائع کے مطابق آئندہ مالی سال کے لیے تقریباً 286 ارب روپے حجم کا بجٹ تیار کیا گیا ہے، جو موجودہ مالی سال کے نظرثانی شدہ 262 ارب روپے کے بجٹ کے مقابلے میں 24 ارب روپے زیادہ ہے۔
مجوزہ بجٹ میں غیر ترقیاتی اخراجات کے لیے 250 ارب روپے جبکہ سالانہ ترقیاتی پروگرام (اے ڈی پی) کے لیے 36 ارب روپے مختص کیے جانے کی تجویز شامل ہے۔
یاد رہے کہ مالی سال 2025-26 کے آغاز پر 310 ارب روپے کا بجٹ منظور کیا گیا تھا، تاہم بعد ازاں نظرثانی کے دوران اس کا حجم کم کرکے 262 ارب روپے کر دیا گیا تھا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نئے بجٹ میں تعلیم، صحت، بنیادی ڈھانچے، عوامی بہبود اور دیگر ترقیاتی شعبوں کے لیے بھی مختلف مالی اقدامات اور منصوبوں کا اعلان متوقع ہے۔
بجٹ پیش ہونے کے بعد قانون ساز اسمبلی میں اس پر عام بحث کا آغاز ہوگا، جس کے دوران حکومتی اور اپوزیشن ارکان اپنی تجاویز اور آراء پیش کریں گے۔