علامہ راشد سومرو کے قافلے کی گاڑی حادثے کا شکار

حادثہ مٹیاری تھانے کی حدود میں اس وقت پیش آیا جب قافلے میں شامل گارڈز کی گاڑی کا ٹائر اچانک پھٹ گیا

June 29, 2026 · قومی

مٹیاری: جمعیت علمائے اسلام (ف) سندھ کے سیکریٹری جنرل علامہ راشد محمود سومرو کے قافلے میں شامل ایک گاڑی قومی شاہراہ پر حادثے کا شکار ہو گئی، جس کے نتیجے میں دو رضاکار زخمی ہو گئے۔

پولیس کے مطابق حادثہ مٹیاری تھانے کی حدود میں اس وقت پیش آیا جب قافلے میں شامل گارڈز کی گاڑی کا ٹائر اچانک پھٹ گیا، جس کے باعث گاڑی بے قابو ہو کر الٹ گئی۔ حادثے میں گاڑی کو شدید نقصان پہنچا۔

ریسکیو حکام نے فوری کارروائی کرتے ہوئے زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی اور بعد ازاں اسپتال منتقل کر دیا۔ اطلاعات کے مطابق زخمی ہونے والے ایک رضاکار کی حالت ابتدا میں تشویشناک تھی، تاہم علاج کے بعد اب وہ خطرے سے باہر ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ علامہ راشد سومرو اس حادثے میں محفوظ رہے اور انہیں کوئی نقصان نہیں پہنچا۔ وہ بھٹ شاہ سے کراچی جا رہے تھے کہ راستے میں یہ واقعہ پیش آیا۔

علامہ راشد سومرو نے اسپتال پہنچ کر زخمی رضاکاروں کی عیادت بھی کی۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ خود مکمل طور پر خیریت سے ہیں، جبکہ شدید زخمی ہونے والے رضاکار علی اکبر کو مزید علاج کے لیے سول اسپتال حیدرآباد منتقل کر دیا گیا ہے۔