شہید کی بیوہ نے ہار نہیں مانی، پاک بحریہ کی آفیسر بن کر تاریخ رقم کر دی
کمانڈنٹ گولڈ میڈل اپنے نام کیا اور انفارمیشن ٹیکنالوجی برانچ میں بطور آفیسر خدمات انجام دینے کے لیے پاک بحریہ میں شمولیت اختیار کر لی۔
کراچی: پاک بحریہ کے شہید افسر لیفٹیننٹ کمانڈر حمزہ عابد کی اہلیہ الویرا حمزہ نے عزم، حوصلے اور لگن کی نئی مثال قائم کرتے ہوئے پاکستان نیوی میں بطور آفیسر کمیشن حاصل کر لیا۔
الویرا حمزہ نے پاکستان نیول اکیڈمی میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کمانڈنٹ گولڈ میڈل اپنے نام کیا اور انفارمیشن ٹیکنالوجی برانچ میں بطور آفیسر خدمات انجام دینے کے لیے پاک بحریہ میں شمولیت اختیار کر لی۔
اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے الویرا حمزہ نے کہا کہ اپنے شوہر لیفٹیننٹ کمانڈر حمزہ عابد کی شہادت نے ان کے اندر بھی وطن کی خدمت کا جذبہ مزید مضبوط کیا۔ انہوں نے کہا کہ جس یونیفارم میں وہ اپنے شوہر کو دیکھتی تھیں، آج خود وہی وردی پہننا ان کے لیے اور ان کی بیٹی کے لیے باعثِ فخر ہے۔
انہوں نے پاکستان نیول اکیڈمی میں اپنے تربیتی دور کو یادگار قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستان کی نوجوان خواتین کو یہ پیغام دینا چاہتی ہیں کہ اگر وہ ایک بیٹی کی ذمہ داری نبھاتے ہوئے یہ مقام حاصل کر سکتی ہیں تو دیگر خواتین بھی مسلح افواج میں شامل ہو کر ملک کی خدمت کر سکتی ہیں۔
الویرا حمزہ کی پاکستان نیوی میں بطور آفیسر شمولیت کو حوصلے، عزم اور وطن سے محبت کی ایک قابلِ تقلید مثال قرار دیا جا رہا ہے، جو ملک بھر کی خواتین کے لیے ایک مثبت پیغام بھی ہے۔