آپریشن “غضب للحق” میں دہشت گردوں پر کاری ضرب،کیمپ تباہ

کارروائیوں کے دوران دہشت گردوں کے زیر استعمال اسلحہ، گولہ بارود اور دیگر سامان بھی تباہ کر دیا گیا

June 29, 2026 · قومی

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان کی سکیورٹی فورسز نے آپریشن “غضب للحق” کے تحت افغانستان کے سرحدی علاقوں میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا، جس میں متعدد شدت پسند ہلاک اور ان کے اسلحے کے ذخائر تباہ کر دیے گئے۔

وزیر اطلاعات کے مطابق 28 اور 29 جون کی درمیانی شب کی گئی کارروائیوں میں افغانستان کے صوبہ پکتیا، پکتیکا اور کنڑ میں جماعت الاحرار اور فتنہ الخوارج سے منسلک مبینہ دہشت گردوں کے کیمپوں اور محفوظ پناہ گاہوں کو ہدف بنایا گیا۔

 

https://x.com/TararAttaullah/status/2071477565496451465?s=20

انہوں نے بتایا کہ کارروائیوں کے دوران دہشت گردوں کے زیر استعمال اسلحہ، گولہ بارود اور دیگر سامان بھی تباہ کر دیا گیا، جس سے ان کی کارروائیوں کی صلاحیت کو نقصان پہنچا ہے۔

عطا اللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ اس سے قبل باجوڑ کے سرحدی علاقے میں انٹیلی جنس اطلاعات پر کیے گئے ایک آپریشن میں ہائی ویلیو کمانڈر خان فروش عرف زابل سمیت چار دہشت گرد مارے گئے تھے۔

انہوں نے کہا کہ حالیہ کارروائیاں خیبر پختونخوا، بلوچستان اور کراچی میں دہشت گردی کے واقعات کے تناظر میں کی گئی ہیں۔ ان کے مطابق پاکستان خطے میں امن کا خواہاں ہے، تاہم شہریوں کے جان و مال کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے آپریشن “عزم استحکام” کے تحت سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں مستقبل میں بھی جاری رہیں گی۔