آزاد کشمیر سپریم کورٹ نے پی ٹی آئی کی عبوری رجسٹریشن معطل کر دی

عدالت نے مقدمے کی آئندہ سماعت 2 جولائی مقرر کی ہے

June 29, 2026 · قومی

آزاد جموں و کشمیر کی سپریم کورٹ نے پی ٹی آئی کی عبوری رجسٹریشن سے متعلق ہائیکورٹ کا فیصلہ معطل کرتے ہوئے کیس کی سماعت کے لیے چیف جسٹس سعید اکرم راجہ کی سربراہی میں فل بنچ تشکیل دے دیا ہے۔

عدالت نے مقدمے کی آئندہ سماعت 2 جولائی مقرر کی ہے، جس میں پی ٹی آئی کی رجسٹریشن سے متعلق قانونی نکات کا جائزہ لیا جائے گا۔

دوسری جانب آزاد جموں و کشمیر میں 27 جولائی 2026 کو ہونے والے عام انتخابات کے لیے الیکشن کمیشن کی جانب سے انتخابی شیڈول پہلے ہی جاری کیا جا چکا ہے۔ کاغذات نامزدگی، جانچ پڑتال، اپیلوں اور دستبرداری کی تمام تاریخیں بھی مقرر کر دی گئی ہیں۔

تازہ انتخابی فہرستوں کے مطابق رجسٹرڈ ووٹروں کی تعداد 38 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے، جو گزشتہ انتخابات کے مقابلے میں نمایاں اضافہ ہے۔

سپریم کورٹ نے پاکستان میں مقیم کشمیری مہاجرین کے لیے مختص 12 اسمبلی نشستیں برقرار رکھتے ہوئے انتخابی عمل میں حائل ایک اہم آئینی رکاوٹ بھی دور کر دی، جس کے بعد انتخابات کے انعقاد کی راہ مزید ہموار ہو گئی ہے۔