دس جولائی سے افغان باشندوں کیخلاف نیا کریک ڈاون شروع کرنے کا اعلان

غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کی واپسی کے منصوبے (IFRP) پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔

June 29, 2026 · قومی

اسلام آباد: حکومت پاکستان کی وزارت داخلہ اور انسداد منشیات نے درست ویزے کے بغیر ملک میں مقیم افغان شہریوں کے خلاف کارروائی سے متعلق نئی ہدایات جاری کر دی ہیں۔

جاری کردہ مراسلے کے مطابق تمام صوبائی چیف سیکرٹریز، آزاد جموں و کشمیر، گلگت بلتستان اور اسلام آباد انتظامیہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کی واپسی کے منصوبے (IFRP) پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔

مراسلے میں کہا گیا ہے کہ یکم جون 2026 کو منعقدہ اجلاس میں کیے گئے فیصلوں کے مطابق ویزا کی مدت سے زائد قیام کرنے والوں سمیت تمام غیر قانونی غیر ملکیوں کی واپسی اور ملک بدری کے اقدامات تیز کیے جائیں۔

ہدایت نامے کے مطابق 10 جولائی 2026 کے بعد پاکستان میں بغیر درست ویزا کے موجود افغان شہریوں کو فوری طور پر گرفتار کرنے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔ اس حوالے سے ضلعی انتظامیہ، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو واضح ہدایات دی گئی ہیں۔

مزید کہا گیا ہے کہ اس پالیسی پر عمل درآمد کی روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ وزارت داخلہ کو ارسال کی جائے گی، جس میں گرفتار افراد کی تعداد، کارروائی اور موجودہ صورتحال کی تفصیلات شامل ہوں گی۔

مراسلے میں تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ اس معاملے کو اولین ترجیح دیتے ہوئے مکمل اور مؤثر عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔