وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اہم دورے پر سعودی عرب پہنچ گئے
سعودی ہم منصب سے ملاقات میں سیکورٹی تعاون، خطے کی صورتحال۔ایران امریکا معاہدے پر گفتگو ہوگی
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اہم سرکاری دورے پر سعودی عرب پہنچ گئے ہیں، جہاں وہ اعلیٰ سعودی قیادت اور اپنے ہم منصب سے ملاقاتیں کریں گے۔
ذرائع کے مطابق وزیر داخلہ کے اس دورے کو خطے کی موجودہ صورتحال کے تناظر میں خصوصی اہمیت حاصل ہے۔ دورے کے دوران ان کی سعودی وزیر داخلہ شہزادہ عبدالعزیز بن سعود سے ملاقات بھی متوقع ہے۔
ملاقات میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مشترکہ سیکیورٹی تعاون، انسدادِ جرائم اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائے گا، جبکہ دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے کے امکانات کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں رہنما خطے کی مجموعی صورتحال، ایران اور امریکا کے درمیان حالیہ پیش رفت اور دیگر علاقائی معاملات پر بھی گفتگو کریں گے۔ اس ملاقات کو دونوں برادر ممالک کے درمیان سیکیورٹی روابط کے فروغ کے لیے اہم قرار دیا جا رہا ہے۔