واٹس ایپ کا بڑا اعلان،فون نمبر شیئر کیے بغیر چیٹ ممکن

صارفین اپنے اکاؤنٹ کے لیے ایک منفرد یوزر نیم منتخب کر سکیں گے، جسے دوسروں کے ساتھ شیئر کر کے چیٹ کا آغاز کیا جا سکے گا

June 30, 2026 · قومی

 میٹا کی زیرِ ملکیت پیغام رسانی کی مقبول ایپ واٹس ایپ نے صارفین کی پرائیویسی بہتر بنانے کے لیے ایک اہم نئے فیچر کا اعلان کیا ہے، جس کے تحت مستقبل میں فون نمبر شیئر کیے بغیر بھی رابطہ کرنا ممکن ہوگا۔

کمپنی کے مطابق صارفین اپنے اکاؤنٹ کے لیے ایک منفرد یوزر نیم منتخب کر سکیں گے، جسے دوسروں کے ساتھ شیئر کر کے چیٹ کا آغاز کیا جا سکے گا۔ اس تبدیلی کا مقصد صارفین کے ذاتی فون نمبر کو غیر ضروری طور پر دوسروں کی نظر سے محفوظ رکھنا ہے۔

واٹس ایپ کا کہنا ہے کہ نئے نظام کے بعد بڑے گروپس، کاروباری چیٹس یا پہلی بار رابطہ کرنے کی صورت میں فون نمبر خودکار طور پر ظاہر نہیں ہوگا۔ کسی بھی شخص سے رابطہ کرنے کے لیے اس کا درست یوزر نیم درکار ہوگا، جبکہ صارفین کی تلاش کے لیے کوئی عوامی ڈائریکٹری یا سرچ لسٹ بھی دستیاب نہیں ہوگی۔

کمپنی کے مطابق یہ فیچر مرحلہ وار دنیا بھر میں متعارف کرایا جائے گا اور مختلف ممالک میں صارفین کو دستیابی کے وقت باقاعدہ اطلاع دی جائے گی۔

میٹا نے یہ بھی بتایا کہ تخلیق کار، چھوٹے کاروبار اور مختلف ادارے اگر چاہیں تو فیس بک یا انسٹاگرام پر استعمال ہونے والا اپنا موجودہ یوزر نیم واٹس ایپ پر بھی محفوظ کر سکیں گے، جس سے مختلف پلیٹ فارمز پر ایک ہی شناخت برقرار رکھنے میں آسانی ہوگی۔