ایس ایچ او نے بدتمیزی کی،راجہ ناصر عباس نے تحریک استحقاق جمع کرادی

متعلقہ پولیس افسر اور اہلکاروں کا طرزِ عمل ایک منتخب رکنِ سینیٹ کے استحقاق اور وقار کے منافی ہے،

June 30, 2026 · قومی

اسلام آباد: سینیٹ میں قائدِ حزبِ اختلاف سینیٹر راجہ ناصر عباس نے براکاہو تھانے کے ایس ایچ او کے مبینہ رویے کے خلاف چیئرمین سینیٹ کو استحقاق کی تحریک جمع کرا دی۔

تحریک میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ 29 جون کی شام وہ اسلام آباد میں سترہ میل کے علاقے میں واقع اپنی رہائش گاہ جا رہے تھے، جہاں براکاہو کے مقام پر پولیس کی جانب سے قائم چیک پوائنٹ پر ان کی گاڑی کو روک لیا گیا۔

تحریک کے مطابق سینیٹر راجہ ناصر عباس نے اپنی شناخت اور سینیٹ میں قائدِ حزبِ اختلاف ہونے سے متعلق آگاہ کیا اور بتایا کہ ان کی رہائش گاہ چیک پوائنٹ سے قریب ہی واقع ہے، تاہم ان کے بقول متعلقہ پولیس افسر نے ان کی وضاحت کو قبول نہیں کیا اور ان کے ساتھ غیر مناسب رویہ اختیار کیا۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ متعلقہ پولیس افسر اور اہلکاروں کا طرزِ عمل ایک منتخب رکنِ سینیٹ کے استحقاق اور وقار کے منافی ہے، جس سے ان کی ذمہ داریوں کی انجام دہی میں رکاوٹ پیدا ہوئی۔

سینیٹر راجہ ناصر عباس نے چیئرمین سینیٹ سے درخواست کی ہے کہ معاملے کو استحقاق کمیٹی کے سپرد کیا جائے تاکہ حقائق کا جائزہ لے کر ذمہ دار افسر کے خلاف قواعد و ضوابط کے مطابق کارروائی کی جا سکے۔دوسری جانب اس معاملے پر اسلام آباد پولیس یا متعلقہ افسر کا مؤقف تاحال سامنے نہیں آیا۔