اسلام آباد ہائیکورٹ میں دو ماہ کی گرمیوں کی تعطیلات کا شیڈول جاری
چیف جسٹس سرفراز ڈوگر تعطیلات کے دوران بھی اپنے فرائض انجام دیتے رہیں گے اور چھٹی پر نہیں جائیں گے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ میں موسمِ گرما کی دو ماہ پر مشتمل عدالتی تعطیلات یکم جولائی سے شروع ہو رہی ہیں۔ چیف جسٹس کی منظوری کے بعد گرمیوں کے دوران ججز کی دستیابی اور چھٹیوں کا باقاعدہ شیڈول جاری کر دیا گیا ہے۔
آفس آرڈر کے مطابق چیف جسٹس سرفراز ڈوگر تعطیلات کے دوران بھی اپنے فرائض انجام دیتے رہیں گے اور چھٹی پر نہیں جائیں گے۔
شیڈول کے مطابق جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان جولائی میں دستیاب ہوں گے جبکہ اگست میں رخصت پر رہیں گے۔ جسٹس ارباب محمد طاہر یکم سے 14 جولائی اور یکم سے 16 اگست تک دستیاب ہوں گے، جبکہ 15 سے 31 جولائی اور 17 سے 31 اگست تک چھٹی کریں گے۔
جسٹس خادم حسین سومرو جولائی میں تعطیلات پر ہوں گے اور اگست میں عدالتی امور انجام دیں گے۔ اسی طرح جسٹس محمد اعظم خان جولائی میں دستیاب جبکہ اگست میں رخصت پر رہیں گے، جبکہ جسٹس محمد آصف جولائی میں چھٹی اور اگست میں دستیاب ہوں گے۔
جسٹس انعام امین منہاس یکم سے 26 جولائی تک دستیاب رہیں گے، جس کے بعد وہ اگست کے اختتام تک تعطیلات پر ہوں گے۔
عدالت کی جانب سے جاری ہدایات کے مطابق گرمیوں کی تعطیلات کے دوران ضمانت قبل از گرفتاری، ضمانت بعد از گرفتاری، حبسِ بے جا، اسٹے آرڈرز اور دیگر فوری نوعیت کے مقدمات کی سماعت جاری رہے گی۔ اس کے علاوہ وہ مقدمات بھی مقرر کیے جا سکیں گے جن میں فوری عدالتی کارروائی ضروری ہو۔
عدالتی انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ تعطیلات کے دوران بھی کیسز کی فائلنگ کے لیے دائری برانچ معمول کے مطابق کام کرتی رہے گی۔ عدالتی اوقات پیر سے جمعرات اور ہفتہ کے روز صبح ساڑھے 9 بجے سے دوپہر 2 بجے تک ہوں گے، جبکہ جمعہ کو عدالتیں صبح ساڑھے 9 بجے سے دوپہر 12 بجے تک کام کریں گی۔
اسی طرح اسلام آباد ہائیکورٹ کے دفاتر پیر سے جمعرات اور ہفتہ صبح 9 بجے سے سہ پہر ساڑھے 3 بجے تک کھلے رہیں گے، جبکہ جمعہ کے روز دفتری اوقات صبح 9 بجے سے دوپہر ساڑھے 12 بجے تک مقرر کیے گئے ہیں۔