عمرکوٹ،خستہ حال دیوار گرنے سے تین بچیاں زندگی کی بازی ہار گئیں

بچیاں مدرسے جانے کے لیے گھر سے نکلی تھیں کہ راستے میں ایک بوسیدہ دیوار اچانک گر گئی

June 30, 2026 · قومی

سندھ کے ضلع عمرکوٹ کے گاؤں گموری میں ایک افسوسناک حادثے کے نتیجے میں تین کمسن بچیاں جاں بحق ہو گئیں۔

پولیس کے مطابق بچیاں مدرسے جانے کے لیے گھر سے نکلی تھیں کہ راستے میں ایک بوسیدہ دیوار اچانک گر گئی، جس کی زد میں آ کر تینوں موقع پر ہی دم توڑ گئیں۔

حکام کے مطابق جاں بحق ہونے والی بچیوں میں 13 سالہ صغریٰ، 3 سالہ رائبہ اور 3 سالہ کنزہ شامل ہیں، جو آپس میں قریبی رشتہ دار تھیں۔

واقعے کے بعد مقامی افراد اور امدادی ٹیموں نے لاشوں کو ملبے سے نکال کر قریبی اسپتال منتقل کیا، جہاں ضروری کارروائی مکمل کی گئی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ حادثے کی وجوہات معلوم کرنے کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے، جبکہ علاقے میں خستہ حال عمارتوں اور دیواروں کے حوالے سے بھی معلومات اکٹھی کی جا رہی ہیں۔