راولپنڈی:14 حوالاتیوں کے فرار کیس کی تحقیقات میں تیزی، 5 اہلکار زیرِ حراست

زیرِ حراست اہلکاروں کے موبائل فونز کا ڈیٹا اور کال ریکارڈ بھی تفتیش کا حصہ بنا لیا گیا ہے

June 30, 2026 · قومی

راولپنڈی میں کہوٹہ عدالت سے پیشی کے بعد اڈیالہ جیل واپس لائے جانے والے 14 حوالاتیوں کے فرار کے واقعے کی تحقیقات مزید تیز کر دی گئی ہیں، جبکہ پولیس مختلف پہلوؤں سے واقعے کا جائزہ لے رہی ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق واقعے کے سلسلے میں ڈیوٹی پر تعینات اڈیالہ جیل کے گارڈ انچارج سمیت پانچ اہلکاروں کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔ ان اہلکاروں کے موبائل فونز بھی قبضے میں لے کر ان کا کال ریکارڈ اور دیگر ڈیٹا فرانزک جانچ کے لیے شاملِ تفتیش کر لیا گیا ہے۔

تحقیقاتی ٹیم اس بات کا بھی جائزہ لے رہی ہے کہ کہوٹہ کچہری میں پیشی کے دوران قیدیوں سے ملاقات کے بعد انہیں ضابطے کے مطابق دوبارہ ہتھکڑیاں لگائی گئی تھیں یا نہیں۔ قیدی وین پر تعینات اہلکاروں سے بھی پوچھ گچھ جاری ہے، جبکہ خطرناک ملزمان کی عدالت میں پیشی سے متعلق حفاظتی ایس او پیز پر عملدرآمد کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔

واقعے کے بعد انسپکٹر جنرل پنجاب نے فوری محکمانہ کارروائی کرتے ہوئے ایس پی ہیڈکوارٹرز کو عہدے سے ہٹا کر لاہور رپورٹ کرنے کی ہدایت جاری کر دی، جبکہ ڈی ایس پی ہیڈکوارٹر امتیاز احمد کو معطل کر دیا گیا۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی ہر پہلو سے تحقیقات جاری ہیں اور ذمہ دار افراد کے تعین کے بعد قانون کے مطابق مزید کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ اس سلسلے میں راولپنڈی ریجن سے تفصیلی رپورٹ بھی طلب کر لی گئی ہے۔