پاکستان آبی حقوق پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا،بلاول بھٹو

اگر پاکستان کے حصے کے پانی کو روکنے کی کوشش کی گئی تو اسے معمول کا تنازع نہیں سمجھا جائے گا۔

June 30, 2026 · قومی
پاکستان آبی حقوق پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا،بلاول بھٹو

اسلام آباد: چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان اپنے آبی حقوق اور دریائے سندھ کے پانی پر کسی بھی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرے گا۔

سندھ طاس معاہدے سے متعلق ایک بین الاقوامی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ کسی ملک کے پانی کی فراہمی کو جان بوجھ کر روکنا اس کے وجود پر حملے کے مترادف ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر پاکستان کے حصے کے پانی کو روکنے کی کوشش کی گئی تو اسے معمول کا تنازع نہیں سمجھا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان جنگ کا خواہاں نہیں، تاہم اپنے قومی مفادات، آبی حقوق اور سندھ طاس معاہدے کے تحفظ کے لیے ہر قانونی، سفارتی، سیاسی اور بین الاقوامی فورم پر بھرپور انداز میں اپنا مؤقف پیش کرے گا۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ بھارت کو یہ تاثر نہیں ملنا چاہیے کہ وہ دباؤ بڑھاتا رہے اور پاکستان صرف احتجاج تک محدود رہے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ دریائے سندھ صرف ایک دریا نہیں بلکہ کروڑوں پاکستانیوں کی زندگی، زراعت، معیشت اور مستقبل کا اہم ذریعہ ہے، جس کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام کیا جائے گا۔