سانحۂ کاہنہ،مزید دو بچوں کی نمازِ جنازہ ادا
نمازِ جنازہ میں اہلِ علاقہ، عزیز و اقارب اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اب تک سانحے میں جاں بحق 14 بچوں میں سے 11 کی نمازِ جنازہ ادا کی جا چکی ہے
لاہور کے علاقے کاہنہ میں پیش آنے والے المناک سانحے کے بعد غم کی فضا برقرار ہے، جہاں حادثے میں جان کی بازی ہارنے والے مزید دو بچوں، عبداللہ اور ارحم، کی نمازِ جنازہ ادا کر دی گئی۔
نمازِ جنازہ میں اہلِ علاقہ، عزیز و اقارب اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اب تک سانحے میں جاں بحق 14 بچوں میں سے 11 کی نمازِ جنازہ ادا کی جا چکی ہے، جبکہ متعدد بچوں کو مقامی قبرستان میں سپردِ خاک بھی کر دیا گیا ہے۔
حادثے کے بعد متاثرہ علاقے میں سوگ کی کیفیت ہے، کئی کاروباری مراکز بند ہیں اور شہری لواحقین سے اظہارِ تعزیت کے لیے مسلسل پہنچ رہے ہیں۔
نمازِ جنازہ کے موقع پر پولیس نے سخت سیکیورٹی انتظامات کیے، جبکہ ضلعی انتظامیہ نے متاثرہ علاقے میں پینے کے پانی، صفائی، روشنی اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا۔
دوسری جانب جنرل اسپتال، چلڈرن اسپتال اور تحصیل ہیڈکوارٹر اسپتال میں زیرِ علاج زخمی بچوں اور ایک خاتون ٹیچر کو طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ حکام کے مطابق زخمیوں کے علاج کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے۔
پولیس نے واقعے کی تحقیقات کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے متعدد افراد سے پوچھ گچھ شروع کر دی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ تحقیقات تمام پہلوؤں کو مدنظر رکھتے ہوئے جاری ہیں اور ذمہ داروں کے تعین کے بعد قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
ادھر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر صوبے بھر میں سرکاری و نجی تعلیمی اداروں اور دیگر نجی عمارتوں کے حفاظتی انتظامات کا جائزہ لینے کا عمل بھی شروع کیا جا رہا ہے تاکہ مستقبل میں ایسے افسوسناک واقعات کی روک تھام ممکن بنائی جا سکے۔