پاکستانی سائبر واریئرز کا جوابی حملہ،بھارت کے دو ڈیجیٹل نیوز چینلز ہیک
متاثر ہونے والے پلیٹ فارمز میں TV9 Telugu Live اور Freedom TV Live شامل ہیں
پاکستانی سائبر گروپ کی جانب سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ بھارت کے دو ڈیجیٹل نیوز چینلز کی آن لائن نشریات کو عارضی طور پر متاثر کیا گیا۔ یہ دعویٰ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب سوشل میڈیا پر پاکستانی ٹی وی چینلز کی نشریات میں مبینہ مداخلت کی اطلاعات بھی گردش کر رہی ہیں۔
سوشل میڈیا پر شیئر کی جانے والی معلومات کے مطابق متاثر ہونے والے پلیٹ فارمز میں TV9 Telugu Live اور Freedom TV Live شامل ہیں۔ دعوے کے مطابق ایک چینل کی لائیو نشریات کے دوران کچھ دیر کے لیے معمول کا مواد متاثر ہوا اور اس کی جگہ پاکستان کا قومی ترانہ نشر ہونے کی ویڈیوز بھی آن لائن شیئر کی گئیں۔
تاہم اس واقعے کی آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں ہو سکی، جبکہ متعلقہ بھارتی اداروں یا دونوں نیوز پلیٹ فارمز کی جانب سے بھی فوری طور پر کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا۔
سائبر سیکیورٹی ماہرین کے مطابق ایسے واقعات کی تصدیق کے لیے تکنیکی شواہد اور متعلقہ اداروں کی تحقیقات ضروری ہوتی ہیں، کیونکہ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی معلومات ہمیشہ مکمل طور پر درست ثابت نہیں ہوتیں۔
حالیہ برسوں میں پاکستان اور بھارت کے درمیان سائبر سیکیورٹی سے متعلق دعوے اور جوابی دعوے متعدد مواقع پر سامنے آتے رہے ہیں، تاہم کسی بھی ایسے واقعے کی حتمی تصدیق متعلقہ حکام کی تحقیقات کے بعد ہی ممکن ہوتی ہے۔