لوئر چترال میں شدید بارش، ندی نالوں میں طغیانی سے متعدد علاقے متاثر

رابطہ پلوں کو بھی نقصان پہنچنے کی اطلاعات ہیں، جس سے آمدورفت میں مشکلات پیدا ہو گئی ہیں۔

July 1, 2026 · قومی

لوئر چترال کے مختلف علاقوں میں ہونے والی شدید بارش کے بعد ندی نالوں میں طغیانی آ گئی، جس کے باعث کئی دیہات سیلابی صورتحال کی لپیٹ میں آ گئے اور بنیادی ڈھانچے کو نقصان پہنچا۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق بروز، سینکلوم، بروز گول، گولدہ اور دومون سمیت متعدد علاقوں میں کئی مکانات متاثر ہوئے، جبکہ رابطہ پلوں کو بھی نقصان پہنچنے کی اطلاعات ہیں، جس سے آمدورفت میں مشکلات پیدا ہو گئی ہیں۔

بروز گول کا پل سیلابی ریلے سے متاثر ہونے کے بعد دونوں جانب ٹریفک معطل ہو گئی، جبکہ کئی دیہات کا زمینی رابطہ بھی عارضی طور پر منقطع ہو گیا ہے۔

شدید بارش کے باعث مختلف مقامات پر بجلی کے کھمبے گرنے سے بجلی کی فراہمی بھی متاثر ہوئی ہے۔ متعلقہ اداروں نے بجلی کی بحالی اور متاثرہ انفراسٹرکچر کی مرمت کے لیے کام شروع کر دیا ہے۔

ضلعی انتظامیہ متاثرہ علاقوں میں نقصانات کا جائزہ لے رہی ہے اور امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔ حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں، ندی نالوں اور سیلابی گزرگاہوں کے قریب جانے سے احتیاط برتیں اور سرکاری ہدایات پر عمل کریں۔