خیبرپختونخوا میں بارشوں اور فلیش فلڈ نے تباہی مچا دی، 6 افراد جاں بحق
جاں بحق ہونے والوں میں دو مرد، تین بچے اور ایک خاتون شامل ہیں، جبکہ زخمیوں میں سات مرد، ایک خاتون اور 11 بچے شامل ہیں۔
پشاور: خیبرپختونخوا میں حالیہ شدید بارشوں، تیز ہواؤں اور فلیش فلڈ کے باعث مختلف اضلاع میں جانی و مالی نقصان کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے مطابق مختلف حادثات میں چھ افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 19 افراد زخمی ہوئے ہیں۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں دو مرد، تین بچے اور ایک خاتون شامل ہیں، جبکہ زخمیوں میں سات مرد، ایک خاتون اور 11 بچے شامل ہیں۔
ادارے کی رپورٹ کے مطابق قدرتی آفات کے باعث مجموعی طور پر 38 مکانات متاثر ہوئے، جن میں 36 گھروں کو جزوی جبکہ دو گھروں کو مکمل نقصان پہنچا۔
حکام کے مطابق متاثرہ اضلاع میں خیبر، لوئر دیر، اپر دیر، مردان، شانگلہ، باجوڑ اور لوئر چترال شامل ہیں، جہاں امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔
پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ ریسکیو 1122، ضلعی انتظامیہ اور دیگر متعلقہ ادارے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں، جبکہ ضلعی انتظامیہ کو متاثرین تک فوری امداد پہنچانے اور ریلیف آپریشن مزید تیز کرنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ خراب موسمی حالات کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں، حساس اور پہاڑی سیاحتی مقامات کا رخ نہ کریں اور موسمی صورتحال سے متعلق جاری سرکاری ہدایات اور الرٹس پر عمل کریں۔